مظفرآباد: آزاد کشمیر میں سال 2025 کی پہلی برفباری اور بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں سال نو کی پہلی برف باری اور بارش کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا ہے۔ وادی نیلم کے بالائی علاقوں جیسے گریس، سرگن، اور جاگراں میں رات بھر ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری رہا، جب کہ زیریں علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔

وادی لیپہ، وادی جہلم، باغ، اور حویلی کے بلند پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری دیکھنے میں آئی، جس سے ان علاقوں کا قدرتی حسن مزید نکھر گیا ہے۔ مظفرآباد شہر میں بھی بادل چھائے رہے، اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری اور بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے چھ جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ یہ موسم نہ صرف سیاحوں کے لیے دلکش مناظر پیش کر رہا ہے بلکہ مقامی افراد کو بھی خوشی کا باعث بن رہا ہے، تاہم سردی کی شدت نے روزمرہ زندگی پر اثر ڈالا ہے۔

برفباری کے نتیجے میں سڑکوں پر پھسلن پیدا ہوگئی ہے، جس سے آمد و رفت میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات اور مقامی انتظامیہ نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سردی کے پیش نظر مقامی لوگوں نے گرم لباس اور دیگر ضروری سامان کا استعمال بڑھا دیا ہے تاکہ موسم کی شدت کا مقابلہ کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *