ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالا گو لہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی کمیشن برائے حقوقِ اطفال (NCRC) کی چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق نے شرکت کی۔ اجلاس میں کم عمری کی شادی کے موضوع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی ہادیہ نواز بہرانی، کلثوم نیاز بلوچ اور مختلف تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔اجلاس میں بلوچستان میں بچوں کی شادی کی روک تھام کے لیے پیش کیے گئے بل کے مسودے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران شادی کی کم از کم عمر کی وضاحت، سزا کی دفعات اور جنس کے مطابق تحفظات کے نکات زیر بحث آئے۔ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے اس موقع پر زور دیا کہ کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے قانون سازی میں تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت شامل کی جائے تاکہ بچوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔چیئرپرسن این سی آر سی عائشہ رضا فاروق نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس بل کا مقصد بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہے۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکا ءنے اس مسئلے کے حل کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔