
بین الاقوامی ماہرین نے سندھ کو زچہ و بچہ کے تشنج (ٹیٹنس) سے پاک قرار دے دیا۔
کو ئٹہ وال نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیر کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں سیکریٹری صحت سندھ ریحان اقبال بلوچ کی زیر صدارت ڈیبریفنگ سیشن منعقد ہوا جس میں وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن، ایکسپینڈڈ پروگرام آن امیونائزیشن (ای پی آئی) سندھ، اقوام متحدہ کے عالمی ہنگامی امدادی فنڈ برائے اطفال (یونیسیف)، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور دیگر کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈاکٹر ناصر یوسف کی سربراہی میں ڈبلیو ایچ او کے توثیقی مشن نے سندھ کے منتخب اضلاع کا متعلقہ ڈیٹا پیش کرتے ہوئے تصدیق کی کہ یونیسیف، ڈبلیو ایچ او اور صوبائی صحت کی ٹیموں کے تعاون سے سخت تشخیص کے ذریعے زچہ و بچہ کے تشنج ( ٹیٹنس) کا خاتمہ ہوچکا ہے۔
’ڈبلیو ایچ او کے عہدیدار نے کم کارکردگی کے حامل ٹھٹہ اور تھرپارکر اضلاع میں حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کے لیے ویکسینیشن کوریج، زچگی سے قبل کی دیکھ بھال اور کمیونٹی ورکرز اور صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کے درمیان روابط کو تسلی بخش قرار دیا۔‘
