زرعی ٹیوب ویل کی سولرائیزیشن کیلئے درخواست جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع

پنجاب حکومت نے زرعی ٹیوب ویل کی سولرائیزیشن کے منصوبے کے لیے درخواست جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں اس اہم منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت 8 ہزار زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔

یہ منصوبہ کسانوں کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلانے اور زراعت میں توانائی کے جدید اور ماحول دوست ذرائع کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے اس منصوبے کے لیے 9 ارب روپے کی سبسڈی مختص کی ہے، جس سے کسانوں کو زرعی پیداوار کے اخراجات کم کرنے میں مدد ملے گی۔

منصوبے کے تحت کم از کم ایک ایکڑ زرعی اراضی کے مالکان آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ 10 کلو واٹ کی سولرائزیشن کے لیے 5 لاکھ روپے جبکہ 15 کلو واٹ کے لیے ساڑھے 7 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ کاشتکار گھر بیٹھے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں، جس سے درخواست دینے کا عمل نہایت آسان اور سہل بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ کسانوں سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے، اور پنجاب کے کاشتکار ترقی کے سفر میں حکومت کے اہم شراکت دار ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن سے کسان نہ صرف بجلی کے بھاری بلوں سے بچ سکیں گے بلکہ توانائی کے دیرپا اور ماحول دوست ذرائع سے بھی استفادہ حاصل کریں گے۔

یہ منصوبہ نہ صرف پنجاب کے کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے بلکہ زراعت کے شعبے میں جدت اور خودکفالت کو فروغ دینے کا سبب بنے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *