مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ نے ہیڈ کوارٹرز ایف سی بلوچستان نارتھ کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (آئی جی ایف سی) میجر جنرل عابد مظہر سے ہوئی۔ اس دورے کا مقصد طلبہ کو ایف سی کی ذمہ داریوں اور ملک کی سلامتی میں اس کے کردار سے آگاہ کرنا تھا۔
دورے کے دوران طلبہ کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں ایف سی کی سرحدی نگرانی، انسدادِ دہشت گردی، سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں اور بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی۔ انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ ایف سی نہ صرف ملکی سرحدوں کی حفاظت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ صوبے میں امن و استحکام کے قیام، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی مثبت خدمات انجام دے رہی ہے۔
طلبہ نے اس معلوماتی دورے کو نہایت مفید اور تعلیمی تجربہ قرار دیا۔ انہوں نے ایف سی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ یہ ادارہ نہ صرف سیکورٹی فراہم کر رہا ہے بلکہ عوامی فلاح و بہبود میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
