ضلع خضدار کی تحصیل زہری کے مرکزی بازار پر مسلح مسلح افراد نے حملہ کردیا لیویز فورس اسٹیشن، نادرا اور میونسپل کمیٹی کے دفاتر اور ایک بینک سمیت متعدد سرکاری عمارتوں کو آگ لگا دی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام کے مطابق رات 11 بجے کے قریب 80 عسکریت پسند قریبی پہاڑوں سے علاقے میں داخل ہوئے اور انہوں نے زہری کے تحصیل ہیڈکوارٹرز میں بازار اور دیگر مقامات پر مسلح افراد کو تعینات کیا، زہری بازار کے ارد گرد چیک پوائنٹس اور پہاڑوں پر چوکیاں قائم کیں، تاکہ سیکیورٹی فورسز کی کسی بھی کارروائی کا مقابلہ کیا جاسکے۔
عسکریت پسندوں نے لیویز تھانے پر دھاوا بول دیا، اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا، ریکارڈ توڑ پھوڑ کی اور عمارت کو آگ لگا دی، جس سے عمارت کے کچھ حصے، فرنیچر اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا۔
کوئٹہ میں بینک حکام کے مطابق مسلح افراد نے بعد ازاں نجی بینک کی برانچ پر حملہ کیا، عملے کو یرغمال بنایا اور اسٹرانگ روم سے 9 کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ لی۔