دعا ہے نیا سال پاکستانی قوم کیلئے امن، استحکام، ترقی، خوشحالی لیکر آئے: صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے سال 2025 کے آغاز پر پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ یہ سال امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے یکجہتی، نظم و ضبط، اور انتھک محنت کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں دعا کی کہ نیا سال پاکستانی عوام کے لیے خوشیاں اور کامیابیاں لے کر آئے۔ انہوں نے کہا کہ 2025 ایک ایسا سال ہونا چاہیے جو ترقی و خوشحالی کے نئے باب کھولے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کا پیغام دے۔ انہوں نے پاکستانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے انہیں مواقع فراہم کرنا ہوں گے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

آصف علی زرداری نے زور دیا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے غریب طبقے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم، ہمیں گزشتہ سال کی کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینا چاہیے اور ماضی سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی پالیسیوں اور اقدامات کو مزید مؤثر بنانا چاہیے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ نیا سال عوامی خدمت، امن و استحکام، اور قومی ترقی کے لیے محنت اور عزم کے ساتھ کام کرنے کا سال ہونا چاہیے۔ انہوں نے عوام کو تلقین کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نکلنے کے لیے ایک مضبوط اور متحد قوم کے طور پر کام کریں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے کیونکہ وہ ملک کا مستقبل ہیں۔ صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی، امن، اور خوشحالی کی جانب گامزن کرے اور یہ نیا سال کامیابیوں اور خوشیوں کا سال ثابت ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *