کوئٹہ: دھماکے سے ریلوے ٹریک تباہ

رات گئے کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب ریلوے ٹریک پر ایک زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ دھماکہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کے ذریعے کیا گیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ریلوے ٹریک کی پٹری کو شدید نقصان پہنچا۔

اس دھماکے کے بعد ریلوے حکام نے احتیاطی تدابیر کے تحت آج روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس کی روانگی کو منسوخ کر دیا تھا، جو کہ ایک متوقع اقدام تھا کیونکہ اس سے پہلے بھی کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ چند روز قبل قمبرانی روڈ پر پولیس کی گاڑی کو ایک بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا تھا، جبکہ زامران میں پیدل گشت کرنے والے فورسز کے اہلکاروں پر حملہ ہوا تھا، جس میں دو اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

آج بلوچ لبریشن آرمی کے بانی رہنما جنرل اسلم بلوچ اور ان کے ساتھیوں کی برسی کے موقع پر بلوچستان بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر نوشکی سمیت متعدد علاقوں میں موبائل نیٹ ورک بند کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *