پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و پارلیمانی سیکریٹری برائے محکمہ فشریز بلوچستان، معتبر حاجی برکت رند نے اپنے ایک بیان میں تربت تا مند نئی روڈ کی تعمیر کو بلوچستان کی ترقی میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
20 دسمبر کو وزیراعلئ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اس روڈ کا باقاعدہ افتتاح کریں گے، جسے انہوں نے ایک گیم چینجر منصوبہ قرار دیا۔
معتبر حاجی برکت رند نے کہا کہ یہ روڈ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور وفاقی حکومت کی خصوصی دلچسپی سے منظور کیا گیا ہے، اور اس کے ذریعے دور دراز علاقوں میں مواصلات کی بہتری اور کاروبار کی سہولتیں فراہم ہوں گی۔
مند کا سرحدی علاقہ ہونے کی وجہ سے اس روڈ کی تعمیر سے پاک ایران بارڈر تک رسائی میں اضافہ ہوگا اور فاصلہ کم ہوگا، جس سے سرحدی کاروبار میں اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی علاقے کی معاشی ترقی میں اس کا سماجی ڈھانچہ اور انفراسٹرکچر کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اور جہاں ان دونوں پہلوؤں میں بہتری آتی ہے، وہاں معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوتی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک بھر میں ایسے گیم چینجر اقدامات کر رہی ہے جو خوشحالی کے نئے دروازے کھولیں گے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے اس منصوبے کی منظوری اور افتتاح پر معتبر حاجی برکت رند کی کاوشوں کو سراہا گیا ہے اور کہا گیا کہ یہ اقدام ان کی لگن اور محنت کا عملی ثبوت ہے جو بلوچستان کی ترقی کے لیے اہم ثابت ہو گا۔