وزیراعظم شہباز شریف نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے حکومت کی پولیو کے مکمل خاتمے کی عزم کو دہرایا اور بتایا کہ اس سال پولیو کے 60 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جنہیں قابو میں لانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن، عالمی ادارہ صحت (WHO)، اور سعودی عرب، خصوصاً ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان اور افغانستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے قیمتی تعاون فراہم کیا۔
مہم کے دوران 143 اضلاع میں 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز تعینات کیے گئے ہیں تاکہ ہر بچے تک پہنچا جا سکے۔ وزیراعظم نے والدین سے اپیل کی کہ وہ مہم میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے بچوں کو اس مہلک مرض سے محفوظ رکھیں۔
انہوں نے پولیو ورکرز کی قربانیوں اور سیکیورٹی فورسز کے تعاون کو بھی سراہا۔ انسدادِ پولیو مہم کی فوکل پرسن ڈاکٹر عائشہ رضا فاروق نے وزیراعظم کے عزم کو پاکستان کے بچوں کے صحت مند مستقبل کی ضمانت قرار دیا۔
مزید خبروں کے لیے کوئٹہ وال نیوز کو فالو کریں۔