
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل شیخوپورہ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن نے تاریخی فتح حاصل کی، کل ملک کی سب سے مقبول جماعت کے دعویٰ کی قلعی کھل گئی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے فتنہ پارٹی کے احتجاج کی کال پر بھی کان نہیں دھرے تھے، مسلم لیگ ن کل بھی پنجاب کی سب سے بڑی پارٹی تھی، آج بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا نے اسکالر شپ پروگرام کو سراہا، پنجاب میں ایک لاکھ صارفین کیلیے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم لانچ کردی، وزیراعلیٰ پنجاب نے آج سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کا افتتاح کردیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے صارفین آج سے ہی ایس ایم ایس یا آن لائن پورٹل پر گھر سے اپلائی کرسکتے ہیں، فری سولر پینل اسکیم کا مقصد عوام کو منہگی بجلی سے مستقل ریلیف دینا ہے، سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کے تحت سال بھر میں ایک لاکھ سولرسسٹم لگائے جائیں گے، صوبے میں ماہانہ 200 یونٹ تک صرف کرنے والے صارفین کو سولر سسٹم مفت دیا جائے گا۔