
سنہ 1630 میں فروری کی 14 تاریخ کو برازیل میں پرنامبوکو کے ساحل پر 60 جنگی بحری جہاز دیکھے گئے تھے اور کہا جاتا ہے کہ ان میں 80 ہزار جنگجو سوار تھے۔
ان جہازوں کے بادبانوں پر نارنجی اور سفید رنگ کے جھنڈے نظر آ رہے تھے جنھیں دیکھ کر معلوم ہوتا تھا کہ ان جنگی مشینوں کا تعلق متحدہ صوبوں (موجودہ نیدرلینڈز) سے ہے۔ برازیل کا یہ علاقہ ان علاقوں میں شامل تھا جس پر پرتگالیوں نے ہسپانوی بادشاہ فلپ چہارم کے دور میں قبضہ کیا تھا اور متحدہ صوبے اب ان علاقوں پر اپنا تسلط چاہتے تھے۔
اس علاقے کے مکین اس حملے کا دفاع بہت مشکل سے کر پائے اور انھیں سپین کی جانب سے بھی کم ہی مدد ملی۔ اسی لیے ڈچ جنگجو اس خطے کے صدر مقام اولینڈا اور اس سے بھی زیادہ اہمیت کی حامل ریسیف بندرگارہ پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہو گئے