یونان کے ساحل پر کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پانچ پاکستانی شہریوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ یہ تمام افراد غیر قانونی ہجرت کی کوشش کے دوران انسانی اسمگلروں کے جال میں پھنسے۔ متاثرین میں پسروڑ کے رہائشی سفیان، اویس اور عابد شامل ہیں، جبکہ نارووال کے زین علی اور منڈی بہاؤالدین کے احتشام بھی اس حادثے کا شکار ہوئے۔
لواحقین نے انکشاف کیا کہ انسانی اسمگلروں کو لاکھوں روپے ادا کیے گئے تھے۔ زین علی کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ 20 لاکھ روپے کے معاہدے میں سے 4 لاکھ پہلے ہی دیے جا چکے تھے۔ کموکہ تحصیل سے سات مزید افراد بھی کشتی پر سوار تھے، جن میں سے کچھ لاپتہ ہیں، جبکہ چند خوش نصیب نوجوان بچ جانے میں کامیاب ہوئے۔
متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، لاشوں کی جلد وطن واپسی یقینی بنائی جائے اور زندہ بچ جانے والوں کی مدد کی جائے۔
مزید خبروں کے لیے کوئٹہ وال نیوز کو فالو کریں۔