کوئٹہ کے علاقے بڑیچ مارکیٹ میں پولیس موبائل کے قریب زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔ ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر عبدالھادی کاکڑ کے مطابق زخمیوں میں سے 4 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق، مزید دو شدید زخمی جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد دھماکے میں شہادتوں کی تعداد 4 ہوگئی۔ 10 سے زائد زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ایمرجنسی نافذ کر کے تمام ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ہنگامی بنیادوں پر طلب کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے اور علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، دھماکہ ایک منظم کارروائی کا نتیجہ لگتا ہے۔ بلوچستان حکومت نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
اس واقعے کی مزید تفصیلات اور تازہ ترین اپڈیٹس کے لیے فالو کریں کوئٹہ وال نیوز