کراچی میں سرد موسم اور آلودہ فضا شہریوں کو بیمار کرنےلگی، خشک اور سرد موسم کی وجہ سے جلدی امراض بڑھ گئے، جلدی امراض کے ہسپتال کی او پی ڈی میں یومیہ 3 سے 4 ہزار مریض رپورٹ ہونے لگے۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں سرد موسم اور آلودہ فضا شہریوں کو بیمار کرنےلگی، شہر میں خشک اور سرد موسم کی وجہ سے جلدی امراض میں اضافہ ہوگیا، جلدی امراض کے ہسپتال میں اسکیبیز، سورائسز، ایکزیما کے ہزاروں کیسز رپورٹ ہونے لگے۔
کراچی میں ریگل پر واقع جلد امراض کے ہسپتال کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبداللہ یحییٰ نے بتایا کہ ہسپتال میں یومیہ 3 سے 4 ہزار مریض او پی ڈی میں رپورٹ ہونے لگے۔
انہوں نے بتایا کہ سرد اور خشک موسم کی وجہ سے شہری ان امراض میں مبتلا ہورہے ہیں، علامات میں جلد پر چھوٹے چھوٹے دانے ، خارش اور لال دھبے شامل ہیں۔
ڈاکٹر عبداللہ یحییٰ کہا کہ شہری اپنے جسم کو نم رکھنے کے لیے کولڈ کریموں کا استعمال کریں، انہوں نے واضح کیا کہ یہ چھوت کی یا پھیلنے والی بیماریاں نہیں ہے۔