اسلام آباد: تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ناراض سیاسی بچہ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ زرداری اور شریف خاندانوں کا سیاسی خاتمہ قریب ہے۔
وزیردفاع خواجہ آصف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہناتھاکہ یہ سیاسی مداری اندرون خانہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ عمران خان ہی پاکستان کی واحد سیاسی حقیقت ہے جس نے ملکی ترقی کیلئے اپنے سکون وآرام کی قربانی دی۔
انہوں نے میڈیا کوریج اور عوامی توجہ حاصل کرنے کیلئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہدف تنقید بنانے والوں کو نوازشریف اور آصف زرداری کا درباری اورسیاسی مداری قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان عالمی سطح کے رہنما ہیں جبکہ ان کے نقاد محض اپنے آقاؤں کے پیادے ہیں جن کا کام بلاجواز تنقید کرنا ہے کیونکہ شریف اور زرداری جیسے کرپٹ اور پرانے سیاسی خاندانوں کا سیاسی خاتمہ قریب ہے۔