سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری قابل مذمت ہے، بی این پی

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر اور ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری نے پچھلے دنوں گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان کے زیر اہتمام پی جی ایم آئی کانفرنس ہال میں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی جس کا مقصد بلوچستان کے صحت کے نظام کو درپیش سنگین مسائل، حکومتی پالیسیوں کے مضمرات اور ان کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا تھا۔ کانفرنس میں بلوچستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں، اور طبی ماہرین نے بھرپور شرکت کی۔ انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کی مذمت کی اور محکموں کے پرائیویٹائزیشن کو عوامی حقوق پر شب خون مارنے سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری کی بجائے موجودہ نظام میں اصلاحات کی جائیں، محکمہ صحت کے ملازمین کے لیے مستقل ملازمتوں سمیت بلوچستان کے ہزاروں بے روزگار ڈاکٹروں، فارماسسٹس، نرسز، فزیوتھراپسٹس، پیرامیڈکس اور دیگر ملازمین کے لیے مستقل بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جائے اور میرٹ پر بھرتی کو یقینی بنا کر صحی نظام کو فعال کیا جائے۔ کانفرنس میں نااہل حکومتی نمائندوں کی مذمت کرتے ہوئے موجودہ حکومت کے نمائندوں کو مسترد کیا گیا اور کہا کہ یہ لوگ عوامی مینڈیٹ کے بغیر اقتدار میں آئے ہیں جو کہ عوامی وسائل اور حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے انہوں نے کرپشن کے خاتمے اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں کو جدید طبی آلات اور سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔ نجکاری کسی مسئلہ کا حل نہیں اس کی بجائے ایک منصفانہ اور مثر متبادل نظام تشکیل دیا جائے۔ کانفرنس سے گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان کے چیئرمین ڈاکٹر بہار شاہ، علی احمد کرد ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور صحت کے مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطہ جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *