کوئٹہ وال نیوز: زیارت میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے 148ویں یوم پیدائش کے موقع پر قائد ریزیڈنسی میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جبکہ کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، آئی جی ایف سی (نارتھ) میجر جنرل عابد مظہر، سول و ملٹری حکام، صوبائی وزراء، قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین، قبائلی عمائدین، شہداء فیملیز، شہریوں اور اسکول کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز مہمان خصوصی کو سلامی سے ہوا اور بعد ازاں پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر مقررین نے قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار اور پاکستان کے قیام میں ان کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
بچوں نے قائد کی زندگی پر تقاریر کیں، ٹیبلوز پیش کیے، اور بلوچ و پشتون گلوکاروں نے روایتی گیت گائے، جس سے تقریب کی رونق میں اضافہ ہوا۔ آئی جی ایف سی (نارتھ) میجر جنرل عابد مظہر نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ 2013 میں دہشتگردوں کے حملے کے بعد ایف سی نے یہاں سیکیورٹی کے فرائض سنبھالے اور امن بحال کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد کے افکار کو نئی نسل تک پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ قائد کے نظریات پر عمل پیرا ہو کر ہم پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔
مزید خبروں کے لیے کوئٹہ وال نیوز کو فالو کریں۔

