ملک بھر میں رجب المرجب 1446 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاند نظر آنے کی شہادتیں جمع کی گئیں، جن کی تصدیق کے بعد رجب کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
مرکزی اجلاس کے علاوہ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت دیگر شہروں میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوئے، جہاں چاند دیکھنے کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یکم رجب المرجب 1446 ہجری بروز 2 جنوری 2025 کو ہوگی، جبکہ اسلامی تاریخ کی مقدس رات شب معراج 28 جنوری 2025 کو منائی جائے گی۔
شب معراج مسلمانوں کے لیے ایک مقدس موقع ہے، جس میں حضور نبی اکرم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے معجزاتی طور پر آسمانوں پر بلایا۔ یہ رات عبادت، دعا، اور غور و فکر کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ مسلمان اس رات کو اللہ تعالیٰ سے قربت حاصل کرنے اور اپنی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے خاص طور پر عبادات کرتے ہیں۔
رجب کا مہینہ اسلامی تقویم میں چار مقدس مہینوں میں سے ایک ہے، اور اس مہینے میں شب معراج جیسا بابرکت موقع آتا ہے، جو تمام مسلمانوں کے لیے ایمان کی تجدید اور روحانی ترقی کا سبب بنتا ہے۔